عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے لوگوں کو بیساکھی کے مقدس موقع پر مبارکباد پیش کی ہے۔وزیر اعلیٰ نے اپنے پیغام میں کہا: ‘ بیساکھی، جو کہ ہندوستانی کیلنڈر میں نئے سال کا آغاز ہے، شمالی ہندوستان کے لوگوں کے لیے خاص اہمیت کی حامل ہے۔
انہوں نے بیساکھی کی ثقافتی اور زرعی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شمالی ریاستوں میں بیساکھی فصل کی کٹائی کے موسم کا آغاز کرتی ہے، ایسا وقت جب کسان اپنی سال بھر کی محنت کا پھل حاصل کرتے ہیں۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ بیساکھی جیسے تہوار لوگوں کے درمیان محبت کے رشتوں کو مضبوط کرتے ہیں اور معاشرے میں بھائی چارے اور ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں۔دریں اثنا نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے لوگوں کو بیساکھی کی مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ بیساکھی کا یہ مقدس تہوار لوگوں کے لئے خوشیوں اور کامیابیوں کی نوید لے کر آئے۔
واضح رہے کہ بیساکھی کا تہوار سکھ مت کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس دن خالصہ کا استحکام ہوا تھا۔ یہ تہوار یکم بیساکھ یعنی 13 اپریل کو منایا جاتا ہے۔
وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ کی لوگوں کو بیساکھی کی مبارک باد
