عشرت حسین بٹ
منڈی// پونچھ ضلع کی تحصیل منڈی کے علاقوں لورن اور ساوجیاں کو جانے والی سڑکوں کی حالت اسقدر ابتر ہے کہ ان سڑکوں پر جہاں بیس منٹ کا سفر ایک گھنٹے میں مکمل ہوتا ہے دونوں سڑکوں پر جگہ جگہ بڑے بڑے کھڈے پڑے ہوئے ہیں اور گزشتہ چھ برس سے سرکار نے ان سڑکوں کی طرف دیکھا بھی نہیں جس کی وجہ سے ان سڑکوں پر سفر کرنے والے مسافروں کو بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عام لوگوں کے مطابق ان سڑکوں سے بہتر ان کے علاقوں کی اندرونی گلیاں ہیں جہاں پر عوام نے خود ہی اپنی مدد آپ کے تحت کام کیا ہے۔ محمد رشید نامی ایک شخص نے کہا کہ گزشتہ چھ برس سے لورن اور ساوجیاں سڑکوں کی اتنی خستہ ہے کہ انسان کو گاڑی کے بجائے پیدل سفر کرنا آسان ہے ۔انہوں نے کہا کہ لورن اور ساوجیاں علاقوں کو جانے والی سڑکوں پر جگہ جگہ بڑے بڑے کھڈے پڑے ہوئے ہیں جن کی وجہ سے ان سڑکوں پر چلنے والی نئی گاڑیاں بھی بوسیدہ ہوچکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے ان سڑکوں کی بہتر تعمیر کے لئے کوئی بھی اقدام نہیں اٹھائے جا رہے ہیں اور نہ ہی ان سڑکوں کی مرمت کی جاتی ہے اور نہ ہی تارکول بچھایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں مسافر ان دونوں سڑکوں سے پونچھ اور منڈی کے لئے سفر کرتے ہیں مگر گاڑیوں میں بیٹھ کر سفر کرنا ان کے لئے کسی قیامت سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی خستہ حالت کی وجہ سے ہی کچھ ہی روز قبل دو سڑک حادثات بھی پیش آئے جن میں تین افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ اس دوران بیس سے زائدلوگ زخمی ہوئے ہیں جن میں سے کچھ ابھی بھی ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں ان دونوں علاقوں کے لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر اور ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی ہے کہ لورن اور ساوجیاں علاقوں کو جانے والی سڑکوں کی مرمت کی جائے تاکہ عوام کی سفری مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔