عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ مرکزی حکومت نے ہفتہ کے روز جسٹس ارون پالی کو جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
مرکزی وزیر قانون ارجن رام میگھوال نےسوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ صدر جمہوریہ ہند نے چیف جسٹس آف انڈیا سے مشاورت کے بعد اس تقرری کی منظوری دی ہے۔
ان کی تقرری چند دن بعد عمل میں آئی ہے جب سپریم کورٹ کولیجیم نے ان کے نام کی سفارش کی تھی۔ جسٹس پالی نے اپنے قانونی کیریئر کا آغاز پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ سے کیا تھا اور 2007 میں سینئر ایڈووکیٹ کے طور پر نامزد ہوئے۔ دسمبر 2013 میں انہیں جج کے طور پر ترقی دی گئی۔
انہوں نے سپریم کورٹ، دہلی ہائی کورٹ اور ہماچل پردیش ہائی کورٹ میں مختلف مقدمات میں پیشی دی ہے اور کئی معاملات میں امیکس کیوریائی کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔
فی الحال وہ ہریانہ اسٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے ایگزیکٹو چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور اکتوبر 2023 سے نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی (NALSA) کی گورننگ باڈی کے رکن بھی ہیں۔