یو این آئی
نئی دہلی//مینوفیکچرنگ، کان کنی اور بجلی جیسے اہم شعبوں کی کمزور کارکردگی کی وجہ سے اس سال فروری میں ملک کی صنعتی پیداوار کی شرح نموکم ہو کر 2.9 فیصد رہ گئی۔جمعہ کو قومی شماریاتی دفتر (این ایس او) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، حکومت نے جنوری 2025 کے لیے صنعتی شرح نمو میں ترمیم کرکے 5.2 فیصد کر دیا ہے ، جب کہ پہلے اسے 5 فیصد بتایا گیا تھا۔صنعتی پیداوار کے اشاریہ (آئی آئی پی) کے ذریعے ماپی جانے والی فیکٹری پیداوار میں فروری 2024 کے مقابلے بھی کمی آئی ہے ، جب یہ 5.6 فیصد کی شرح سے بڑھی تھی۔ اس سے قبل اگست 2024 میں، آئی آئی پی کی شرح نمو صفر فی صد رہ گئی تھی، جو موجودہ گراوٹ سے پہلے کی سب سے کم سطح تھی۔آئی آئی پی میں 77 فیصد کی حصہ داری رکھنے والے مینوفیکچرنگ سیکٹر کی شرح نمو فروری 2025 میں کم ہو کر 2.9 فیصد رہ گئی، جب کہ فروری 2024 میں 4.9 فیصد تھی۔ کان کنی کے شعبے کی ترقی کی شرح بھی ایک سال پہلے کے 8.1 فیصد سے کم ہو کر 1.6 فیصد رہ گئی۔ اسی طرح بجلی کی پیداوار کی شرح نمو بھی کم ہو کر 3.6 فیصد رہ گئی جبکہ فروری 2024 میں یہ شرح 7.6 فیصد تھی۔پورے مالی سال کے پہلے 11 مہینوں یعنی اپریل 2024 سے فروری 2025 کے دوران صنعتی پیداوار میں اوسطاً 4.1 فیصد اضافہ ہوا ہے جو کہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں درج کی گئی چھ فیصد شرح نمو سے بہت کم ہے ۔