عظمیٰ نیوزسروس
جموں// وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و امور صارفین، ٹرانسپورٹ، سائنس و ٹیکنالوجی، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی، اَمورِ نوجوان و کھیل کود، اے آر آئی اینڈ ٹریننگزستیش کمار شرما نے کلا کیندر جموں میں تین روزہ مصوری نمائش کا اِفتتاح کیا جس میں معروف مصور منیر علی خان کے شاندار فن پارے پیش کئے گئے ہیں۔کلا کیندر جموں کے زیر اہتمام ہونے والی اس نمائش میں فن پاروں کا ایک مجموعہ پیش کیا گیا جومنیر علی خان کے متنوع اور منفرد فنکارانہ وژن کو اُجاگر کرتا ہے۔سیکرٹری کلاکیندر ڈاکٹر جاوید راہی ؔ نے تقریب کے اِستقبالیہ خطاب میں کہا کہ اِس نمائش کا بنیادی مقصد فنون لطیفہ میں تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور فنکاروں جیسے منیر علی خان کو اَپنے فن کو وسیع تر سامعین تک پہنچانے کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔ کلا کیندراس ٹیلنٹ کوپروان چڑھانے کے لئے پُرعزم ہے کہ وہ اس ہنر اور صلاحیت کو اُجاگر کرے جو ہماری ثقافتی دولت میں اضافہ کرتی ہے۔اِس موقعہ پر وزیر ستیش شرما نے ثقافتی شناخت کے قیام اور آئندہ نسلوں کو ترغیب دینے میں فن کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا، ’’فن اورتخلیقی صلاحیتیں ہماری ثقافت کا لازمی جزوہیں اور میں منیر علی خان کی پینٹنگز میں جھلکنے والے صلاحیتوں اور اظہار سے بے حد متاثر ہوں۔ اِس طرح کی تقریبات نہ صرف فنکارانہ مہارت کو سراہنے کا موقعہ فراہم کرتی ہیں بلکہ ہماری نوجوانوں کو تخلیقی سرگرمیوں میں مشغل ہونے کی ترغیب بھی دیتی ہیں۔ میں اِس طرح کی بامقصد نمائش کے اِنعقاد کے لئے کلا کیندر کی کوششوں کی تہہ دل سے ستائش کرتا ہوں۔‘‘اُنہوں نے تجویز دی کہ اِسی طرح کی نمائشیں مختلف اضلاع میں بھی منعقد کی جائیں تاکہ فن کو عوام کے قریب لایا جا سکے اور نچلی سطح پر ثقافتی بیداری کو فروغ دیا جا سکے۔ نمائش میں معروف صحافی ظفر چودھری کی موجود تھے جنہوں نے منیر علی خان کے فنکارانہ سفر سے وابستہ اَپنے ذاتی تجربات کا اِشتراک کیا۔ اُنہوں نے کہا، ’’منیر علی خان کا فن اپنی تنوع اور تخیلاتی اِظہار کی بدولت نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔ ان کے فن پارے گہرے خیالات، جذبات اور ایک منفرد تخلیقی انداز کی عکاسی کرتے ہیں۔ ان کے بدلتے ہوئے اسلوب کو دیکھنا ہمیشہ خوشی کا باعث ہوتا ہے۔