عظمیٰ نیوزسروس
جموں//بھارتیہ جنتا پارٹی نے ڈاکٹر بی آر کی یوم پیدائش کے اعزاز میں 13اپریل سے 25اپریل تک بھارت رتن ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر سمان ابھیان کے بینر تلے کئی پروگراموں کا اعلان کیا ہے۔یہ اعلان بی جے پی کے سینئر لیڈر اور جموں و کشمیر کے ابھیان کے انچارج پرمود کپاہی نے جموں کے تریکوٹہ نگر میں پارٹی کے ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔ابھیان کے تحت منائے جانے والے پروگراموں کی فہرست کا اشتراک کرتے ہوئے کپاہی نے کہا کہ بی جے پی بابا صاحب کے مجسموں پر صفائی مہم چلائے گی اور پھر 13اپریل کو ملحقہ علاقے کو روشن کرے گی۔بابا صاحب کے مجسموں اور تصویروں پر پھول چڑھاتے ہوئے پارٹی کارکنان 14 اپریل کو بابا صاحب کی یوم پیدائش منانے کے لیے متعدد پروگرام منعقد کریں گے۔انہوںنے کہا کہ15اپریل سے 25اپریل تک، پارٹی بابا صاحب کی زندگی کی جدوجہد اور کارناموں کو اجاگر کرنے کے لیے ضلعی سطح پر سیمینار منعقد کرے گی، جس میں قوم اور معاشرے خصوصاً مظلوم افراد کے لیے ان کی خدمات پر زور دیا جائے گا۔انکے مطابق15اپریل سے 25اپریل تک اسی مدت کے دوران، ہر ضلع میں بی جے پی کے 25 نامزد رہنما ایک آؤٹ ریچ پہل کے حصے کے طور پر درج فہرست ذات برادری کے پانچ ممتاز افراد تک پہنچیں گے۔سنجے بارو نے کہا کہ اس مہم کا مقصد ڈاکٹر امبیڈکر کی پائیدار وراثت کا احترام کرنا اور سماج کے تمام طبقات تک ان کے سمراست (سماجی ہم آہنگی) کے پیغام کو آگے بڑھانا ہے۔