عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//وقف ترمیمی قانون کے خلاف ملک کی کئی ریاستوں میں جمعہ کو احتجاجی مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔ جمعہ کی وجہ سے کئی مساجد کے باہر پرامن احتجاج کرتے ہوئے لوگ دکھائی پڑے، جو بازووں پر سیاہ پٹی باندھ کر اور بینر ہاتھ میں لے کر خاموشی سے اپنی ناراضگی ظاہر کر رہے تھے۔ کئی مقامات پر نمازِ جمعہ کے بعد مسلم طبقہ انسانی زنجیر بنا کر بھی احتجاجی مظاہرہ کرتا ہوا دکھائی دیا۔ مغربی بنگال، مدھیہ پردیش، ممبئی، سرینگراور بہار سمیت مختلف ریاستوں میں اس قانون کے خلاف مسلم تنظیموں سے منسلک افراد سڑکوں پر اترے اور وقف قانون میں کی گئی ترمیم کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔کولکتہ واقع عالیہ یونیورسٹی کے طلبا نے 11اپریل کو نئے وقف قانون کے خلاف ریلی نکالی اور اسے واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرہ بازی بھی کی۔