عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/اینٹی کرپشن بیورو نے جمعہ کو کہا ہے کہ اس نے جموں و کشمیر کوآپریٹو ہاؤسنگ کارپوریشن لمیٹڈ کے اُس وقت کے منیجنگ ڈائریکٹر اور دیگر افراد کے خلاف مالی بے ضابطگیوں کے سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ترجمان نے ایک بیان میںکو جاری کیا گیا، کہا کہ اے سی بی جموں نے ایف آئی آر نمبر 02/2025 بجرم دفعہ 5(1)(d) پڑھا جائے ساتھ دفعہ 5(2) جموں و کشمیر پریوینشن آف کرپشن ایکٹ، سموت 2006 اور دفعہ 120-B، آر پی سی کے تحت پولیس اسٹیشن اے سی بی جموں میں درج کی۔
یہ مقدمہ برج بھوشن شرما (سابق ایم ڈی، جے اینڈ کے کوآپریٹو ہاؤسنگ کارپوریشن)، سیوا رام (سابق انچارج اکاؤنٹس سیکشن)، بھارت بھوشن (سابق ایم ڈی) اور دیگر کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق یہ مقدمہ ایک تحقیقات کے بعد درج کیا گیا۔ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ برج بھوشن شرما، جو 30 جون 2006 کو سبکدوش ہوئے تھے، انہوں نے جے اینڈ کے کوآپریٹو ہاؤسنگ کارپوریشن سے بغیر کسی منظور شدہ طریقہ کار اور بغیر کسی رہن یا اضافی قانونی کارروائی کے 23 لاکھ روپے کا قرض حاصل کیا، جو کہ ان کے اختیارات کے غلط استعمال کے مترادف ہے۔
مزید انکشاف ہوا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے فیصلے مورخہ 01 مارچ 2006 کے مطابق برج بھوشن شرما کو پنشن سہولیات فراہم کرنے کے لیے 15 لاکھ روپے پوسٹ آفس میں بطور پنشن فنڈ جمع کروانے کا فیصلہ ہوا، جس میں سے 50 فیصد رقم کارپوریشن اور 50 فیصد وہ خود ادا کرنے والے تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 7.50 لاکھ روپے جو انہوں نے پنشن اسکیم کے تحت ایڈوانس کے طور پر حاصل کیے تھے، وہ ان کی ریٹائرمنٹ واجبات سے واپس لیے جانے تھے، لیکن اب تک صرف 1.50 لاکھ روپے سال 2022-23 کے دوران جمع کروائے گئے ہیں۔ موجودہ ایم ڈی کی جانب سے باقی رقم کی وصولی کے لیے کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔
بیان کے مطابق، برج بھوشن شرما کے ذریعے وقتاً فوقتاً لیے گئے 23 لاکھ روپے کے ہاؤسنگ لون پر اب تک 36,40,375.50 روپے بمعہ سود (بحوالہ 31 مارچ 2023) واجب الادا ہیں، جب کہ پنشن اسکیم کے تحت لیے گئے 7.50 لاکھ روپے پر اب 18,99,266 روپے بمعہ سود (بحوالہ 31 مارچ 2023) واجب الادا ہیں۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ بھارت بھوشن، جو برج بھوشن کی ریٹائرمنٹ کے بعد 2006 میں منیجنگ ڈائریکٹر بنے، انہوں نے بھی اس رقم کی واپسی کے لیے کوئی مؤثر قانونی قدم نہیں اٹھایا اور مجرمانہ خاموشی اختیار کی۔ متعلقہ افسران و اہلکاران نے قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قرض کی منظوری میں سہولت کاری کی اور بعد میں واپسی کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا، جس کے نتیجے میں حکومت کے خزانے کو مجموعی طور پر 55,39,641.50 روپے کا نقصان پہنچا ہے۔بیان کے مطابق اس مقدمے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔
اینٹی کرپشن بیورونے جموں کشمیر کوآپریٹو ہاؤسنگ کارپوریشن لمیٹڈ کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا
