عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جنوبی ضلع کولگام کے مہ بھن علاقے کے قریب ویشو نالہ سے لاپتہ تیسرے خانہ بدوش نوجوان کی لاش جمعہ کے روز برآمد ہوئی ہے۔حکام نے بتایا کہ متوفی نوجوان مختار احمد 13 فروری سے لاپتہ تھا، اُس کے ساتھ دو دیگر نوجوان بھی لاپتہ ہوئے تھے جن کی لاشیں گزشتہ ماہ برآمد ہو چکی ہیں۔
آج صبح مقامی لوگوں نے نالہ میں ایک لاش دیکھی اور فوراً پولیس کو اطلاع دی۔پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور لاش کو نالہ سے نکال کر ضلع اسپتال کولگام منتقل کیا گیا جہاں اس کا طبی و قانونی معائنہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ 13 فروری کو تین نوجوان ریاض احمد بجاڑ، اُس کا چھوٹا بھائی شوکت احمد بجاڑ، اور مختار احمد جو تینوں راجوری کے رہائشی تھے، قاضی گنڈ سے لاپتہ ہوئے تھے۔وہ اشموجی، کولگام میں اپنے رشتہ دار کے گھر ایک تقریب میں شرکت کے لیے روانہ ہوئے تھے لیکن اپنی منزل پر پہنچنے سے قبل ہی لاپتہ ہو گئے۔ اُس دن سے ان کے موبائل فون بھی بند ہیں۔
اس سے قبل، دو دیگر نوجوانوں کی لاشیں بھی ویشو نالہ سے برآمد کی جا چکی ہیں۔
ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا ،این ڈی آر اید، ایس ڈی آر ایف ،پولیس اور دیگر ادارے تیسرے نوجوان کی تلاش میں مصروف تھے، اور آج اُس کی لاش کی برآمدگی کے ساتھ یہ تلاش مکمل ہو گئی ہے۔
لاپتہ تیسرے خانہ بدوش نوجوان کی لاش بھی کولگام ویشو نالہ سے برآمد
