عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی صدارت میں سیکورٹی جائزہ اجلاس راج بھون سری نگر میں شروع ہو گیا ہے، جس میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور دیگر اعلیٰ سیکورٹی افسران شریک ہیں۔ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ یہ اجلاس راج بھون کے آڈیٹوریم ہال میں منعقد ہو رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، یونین ہوم سیکریٹری، ڈائریکٹر انٹیلیجنس بیورو، آرمی چیف، جی او سی ناردرن کمانڈ، ڈپٹی چیف آف آرمی اسٹاف، جی او سی 15 کور، 16 کور، 9 کور، جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹری، ڈی جی پی سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہیں۔
عہدیدار نے مزید بتایا کہ وزیر داخلہ کشمیر ڈویژن میں سیکورٹی صورتحال، قانون و نظم اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیں گے۔امیت شاہ اتوار کے روز تین روزہ دورے پر جموں و کشمیر پہنچے تھے۔ آج صبح انہوں نے جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے ہمراہ ترقیاتی جائزہ اجلاس کی صدارت بھی کی۔