عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پیر یعنی 7اپریل کو وادی کشمیر میں دن کے درجہ حرارت نے ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔پیر کے روز درجہ حرارت 28.2درج کیا گیا جو کہ اپریل کے مہینے میں اب تک کا ریکارڈ ہے۔رات کا درجہ حرارت 9ڈگری سے زیادہ درج کیا گیا۔محکمہ نے مزید کہا کہ آج 8 اپریل کو شمالی اور وسطی کشمیر کے اونچی علاقوں میں ہلکی بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔ اس نے 9 اور 10 اپریل کے دوران کچھ مقامات پر 30-40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرج چمک اور تیز ہوائوں کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔ایک عہدیدار نے بتایا کہ دوپہر تک موسم عام طور پر ابر آلود رہے گا اور 8 اپریل کی دیر شام تک شمالی اور وسطی کشمیر کے اونچے علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ 9 سے 10 اپریل تک کشمیر ڈویژن کے کئی مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور برفباری کے ساتھ عام طور پر ابر آلود رہے گا اور جموں ڈویژن کے بکھرے ہوئے مقامات پر کچھ جگہوں پر 30-40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرج چمک کے ساتھ طوفانی ہوائیں چل سکتی ہیں، اور کسانوں کو مشورہ دیا کہ وہ کھیتی کے کام کو روک دیں۔عہدیدار نے کہا کہ 11 اپریل کو موسم عام طور پر ہلکی بارش کے ساتھ ابر آلود رہے گا اور بکھرے ہوئے مقامات پر صبح کے وقت برف باری ہوگی اور اس کے بعد بہتری آئے گی۔عہدیدار نے مزید کہا کہ 12 سے 17 اپریل تک موسم عام طور پر خشک رہے گا۔انہوں نے کہا کہ 18 سے 20 اپریل تک جموں و کشمیر کے اونچے علاقوں میں بارش اور برف باری کا امکان ہے۔