عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/وزیر داخلہ امیت شاہ پیر کی شام سری نگر پہنچے جہاں ہوائی اڈے پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ان کا استقبال کیا۔
حکام نے بتایا کہ سری نگر ہوائی اڈے پر پہنچنے کے بعد وزیر داخلہ ڈی ایس پی ہمایوں بٹ، جو ستمبر 2023 میں جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے جنگل میں ایک انکائونٹر کے دوران جاں بحق ہوئے تھے، کے گھر گئے جہاں انہوں نے ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔
اس انکائونٹر میں دو فوجی افسر کرنل منپریت سنگھ اور میجر آشیش دھونچک اور ایک فوجی جوان بھی جاں بحق جبکہ لشکر طیبہ سے وابستہ کمانڈر عذیر خان ہلاک ہوا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ کا آج شام کے بعد راج بھون میں مختلف وفود سے بات چیت کرنے کا بھی امکان ہے۔
واضح رہے کہ امیت شاہ جموں وکشمیر کے تین روزہ دورہ پر ہیں۔ وہ اتوار کی شام جموں پہنچے۔
انہوں نے پیر کو کٹھوعہ میں ‘ونے’ سرحدی چوکی کا بھی دورہ کیا اور وہاں بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے جوانوں سے خطاب کیا۔
معلوم ہوا ہے کہ وزیر داخلہ منگل کی دوپہر تک سری نگر میں رہیں گے جہاں وہ راج بھون میں اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کریں گے۔
دریں اثنا وزیر داخلہ کے دورے کے پیش نظر وادی کشمیر بالخصوص شہر سری نگر اور اس کے مضافات میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ سری نگر اور مضافاتی علاقوں میں جہاں گشت کو بڑھا دیا گیا ہے وہیں اہم مقامات پر بھاری تعداد میں سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) کشمیر وی کے بردی نے ہفتے کو وزیر داخلہ کے دورے کے پیش نظر کی جانے والی کا تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک مشترکہ سیکورٹی میٹنگ کی صدارت کی۔
وزیر داخلہ سری نگر پہنچے، مقتول ڈی ایس پی ہمایوں بٹ کے اہل خانہ سے ملاقات
