عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق نے جموں و کشمیر اسمبلی کے اسپیکر کی جانب سے وقف ترمیمی بل پر بحث کرنے سے انکار پرشدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔میر واعظ نے اپنے ردعمل میں کہا :’ یہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے کہ تمل ناڈو، جہاں صرف 6 فیصد مسلمان آبادی ہے، وہاں کی اسمبلی ایک سخت وقف مخالف قرارداد منظور کرتی ہے، جبکہ مسلم اکثریتی جموں و کشمیر میں اسمبلی اسپیکر اس نہایت اہم اور مسلمانوں کے لیے تشویشناک معاملے پر بات کرنے سے کترا رہے ہیں اور تکنیکی نکات کی آڑ میں اسے زیرِ بحث لانے سے انکار کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ اسپیکر موصوف بخوبی جانتے ہیں کہ ان کی جماعت کو جو عوامی مینڈیٹ بھاری اکثریت سے حاصل ہوا، وہ اسی بنیاد پر تھا کہ جماعت نے مظلوم عوام کے حقوق کی حفاظت کا وعدہ کیا تھا، جن کے ساتھ اگست 2019 سے مسلسل ناانصافی ہو رہی ہے۔میر واعظ نے کہا کہ اگر نیشنل کانفرنس نے اہم معاملات پر عوام کے حق میں موقف اختیار کرنے کا وعدہ کیا تھا، تو پھر وہ اتنی آسانی سے کیوں جھک رہی ہیں؟۔
اسپیکر کی جانب سے وقف ترمیمی بل پر بحث سے انکار قابل مذمت اقدام : میر واعظ
