محمد بشارت
کوٹرنکہ//ضلع راجوری کے سب ڈویژن کوٹرنکہ سے حالیہ دنوں فائر اینڈ ایمرجنسی سروس اسٹیشن کو اچانک راجوری منتقل کئے جانے پر عوامی حلقوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مقامی لوگوںاور سماجی کارکنان نے اس اقدام پر سخت اعتراض ظاہر کرتے ہوئے اسٹیشن کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔یاد رہے کہ کوٹرنکہ کو 2014 میں سب ڈویژن کا درجہ ملا تھا جبکہ 2018 میں اسے سب ڈسٹرکٹ کا درجہ دیا گیا۔ علاقے میں کئی سالوں سے فائر اسٹیشن کے قیام کا مطالبہ جاری تھا، جسے گزشتہ سال کے آخری مہینے میں پورا کرتے ہوئے جگلانوں میں ایک فائر اینڈ ایمرجنسی سروس اسٹیشن قائم کیا گیا تھاتاہم تین روز قبل، رات دیر گئے اسٹیشن کو بغیر کسی پیشگی اطلاع کے راجوری منتقل کر دیا گیا، جس پر مقامی افراد برہم ہیں۔سماجی کارکن کبیر راتھر، سرجیت سنگھ ٹھاکر اور سابق پنچ فاروق ڈار نے میڈیا کہا کہ کوٹرنکہ، خواص، بدھل اور پیڑی جیسے علاقوں میں لکڑی کے بنے کچے گھر موجود ہیں، جو آگ لگنے کے واقعات میں بری طرح متاثر ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق، علاقے میں 80 فیصد مکانات لکڑی کے بنے ہوئے ہیں، جن میں فائر اسٹیشن کی عدم موجودگی سے خطرات کئی گنا بڑھ جاتے ہیں۔انہوں نے ضلع انتظامیہ اور حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس اسٹیشن کو فوری طور پر کوٹرنکہ میں دوبارہ قائم کیا جائے، تاکہ عوام کے جان و مال کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔