اشرف چرا غ
کپوارہ// کرالہ پورہ علاقہ میں پولیس نے دو افراد کو گرفتار کیا جن کا تخریبی کارروائی میں ملوث ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ ان کی تحویل سے قابل اعتراض مواد ضبط کیا گیا ۔پولیس تھانہ کرالہ پورہ کی ایک خصوصی ٹیم نے سپیشل آپریشن گروپ،فوج کی 3 این اے جی اے، اور سی آر پی ایف 98بٹالین کے ساتھ ملکر خزان مٹی کے نزدیک ناکہ لگایا جس کے دوران بس اڈے سے ترہگام کی طرف پیدل سفر کرنے والے دو افراد کو مشکوک حالت میں دیکھا گیا ۔ دونوں افراد نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن ناکہ پر موجود پولیس اہلکارو ں نے ان کی اس کوشش کو ناکام بنایا۔ پوچھ گچھ کے دوران ان کی شناخت امتیاز احمد نجار ولد غلام حسن نجار اور منیر احمد شیخ ولد غلام محی الدین شیخ کے بطور ہوئی ۔پولیس نے ان کی تحویل سے دو موبائل فون اور اشتعال انگیز اور ملک دشمن مواد پر مشتمل پاکستانی پوسٹر بر آمد کئے ۔پولیس نے گرفتار کئے گئے افراد کے خلاف کیس زیر ایف آئی آر نمبر 19/2025یو پی اے ایکٹ اور بی این ایس کے تحت درج کیا ۔انہوں نے کہا کہ ملزمان کے محرکات اور وابستگیوں کا پتہ لگانے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔