عظمیٰ نیوز سروس
گورکھپور//یو پی کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے زور دے کر کہا کہ عورت کی عزت کرنا ہر فرد کا فرض ہے۔ انہوں نے خواتین کی حفاظت، وقار اور بااختیار بنانے کو یقینی بنانے کے لیے ریاست کی کوششوں پر روشنی ڈالی، ساتھ ہی وزیر اعظم مودی کے بیٹی بچا ئوبیٹی پڑھا ئواور ماترو وندنا یوجنا جیسے اقدامات کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں نافذ کردہ ناری شکتی وندن ادھینیم اہم شعبوں بشمول مقننہ میں خواتین کی نمائندگی کی ضمانت دیتا ہے۔وزیر اعلیٰ نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ صنفی تعصب سے بالاتر ہو کر اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی لڑکی، عورت یا بہن ناانصافی یا استحصال کا شکار نہ ہو۔انہوں نے کہا’’یہ ایک اجتماعی ذمہ داری ہے۔ صرف اس صورت میں جب ہم اپنی خواتین کے لیے ایک محفوظ اور منصفانہ ماحول کو یقینی بنائیں گے، ہم ایک مضبوط اور ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کی طرف بڑھ سکتے ہیں‘‘۔ یوگی نے کہا کہ بھگوان رام کی زندگی سے ترغیب حاصل کریں، جو ہمیں وقار کو برقرار رکھنے، مشکلات میں ہم آہنگ رہنے، اور ذاتی، خاندانی، سماجی اور قومی فرائض کو غیر متزلزل لگن کے ساتھ پورا کرنے کا درس دیتا ہے‘‘۔