یو این آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی سری لنکا کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد اتوار کووطن واپس پہنچے۔وزیر اعظم نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ان کا دورہ یقینی طور پر دو طرفہ تعلقات کو تقویت دے گا۔ انہوں نے ان کے دورے کے دوران ان کا پرتپاک استقبال کرنے کے لئے سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکا کا شکریہ ادا کیا ۔ مودی نے لکھا’’میں سری لنکا کے صدر ڈسانائیکا، عوام اور حکومت کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں کہ میرے دورے کے دوران میرا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ کولمبو ہو یا انورادھا پورہ، اس دورے نے دونوں ملکوں کے درمیان گہرے ثقافتی، روحانی اور تہذیبی تعلقات کی تصدیق کی ہے۔ اس سے یقینی طور پر ہمارے دوطرفہ تعلقات کو تقویت ملے گی‘‘۔وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک پوسٹ میں کہا’’سری لنکا کا ایک بہت ہی مثبت سرکاری دورہ اختتام پذیر ہوا‘‘۔وزیر اعظم سری لنکا کے انورادھا پورہ سے ہندوستان کے لیے روانہ ہوئے جہاں انہوں نے سری لنکا کے صدر ڈسانایاکا کے ساتھ ہندوستان کے تعاون سے چلنے والے کچھ ریلوے پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور بدھ مت کے ایک مندر کا بھی دورہ کیا۔وزیر اعظم مودی نے ہفتے کے روز کولمبو میں صدر ڈسانائیکا کے ساتھ بات چیت کی اور دونوں فریقوں نے سات معاہدوں پر دستخط کئے جن میں دفاعی تعاون اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ ترنکومالی کو توانائی کے مرکز کے طور پر ترقی دینے کے لیے سہ فریقی معاہدہ شامل ہے۔قبل ازیں وزیراعظم نے تھائی لینڈ کے شہر بنکاک کا دورہ کیا جہاں انہوں نے 6ویں بمسٹیک سربراہی اجلاس میں شرکت کی اور رکن ممالک کے رہنمائوں سے دو طرفہ بات چیت کی۔