عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اپالو ہسپتال نے سرینگر میں عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے آمنہ ہسپتال کے ساتھ تعاون کا اعلان کیا۔ اس شراکت داری کے ایک حصے کے طور پر اپالوکے ماہر معالجین آمنہ ہسپتال میں آئوٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹ (او پی ڈی)کے مریضوں کا علاج کریں گے۔اس اقدام کے تحت متعدد شعبوں کے 20انتہائی تجربہ کار ڈاکٹروں کی ٹیم ہر ماہ آمنہ ہسپتال کا دورہ کرے گی۔ یہ ماہرین جامع طبی مشورے اور علاج کے جدید اختیارات فراہم کریں گے۔ڈاکٹر شاہین نوریزدان، سینئر کنسلٹنٹ اپالو ہسپتال نے اس شراکت داری کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا’’یہ شراکت داری عالمی معیارکے طبی ماہرین کو قریب لا کر طبی سہولیا ت میں تفریق کو ختم کرے گی اورکشمیر بالخصوص سرینگر کے لوگوں کے علاج کیلئے خصوصی سہولت ثابت ہوگی‘‘۔ سرجیکل آنکولوجی اور روبوٹکس کے سینئر کنسلٹنٹ ڈاکٹر سمیر کول نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’ہمارا مقصد مریضوں کو طویل فاصلے کا سفر کرنے کی ضرورت کے بغیر جدید طرز کا علاج اورطبی نگہداشت فراہم کرنا ہے‘‘۔آمنہ ہسپتال سرینگر کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر مشتاق احمد پرزگر نے جوش و خروش کا اظہار کرتے ہوئے کہا’’اپالو ہسپتال کے ساتھ شراکت داری صحت کی غیر معمولی خدمات فراہم کرنے کے ہمارے عزم میں ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتی ہے۔ اس اقدام سے سرینگر کے لوگوں کو کچھ بہترین طبی پیشہ ور افراد تک رسائی فراہم کرکے عوام کوبہت فائدہ ہوگا۔