عظمیٰ نیوزسروس
جموں //وزیر داخلہ امیت شاہ کا تین روزہ دورے جموں کشمیر کوحتمی شکل دی گئی ہے اور 6اپریل سے شروع ہونے دورے کے دوران پہلے وہ جموں میں بی جے پی کے ممبر ان اسمبلی سے ملاقات کریں گے جس دوران مختلف معاملات پر تبادلہ ہوگا ۔ اسی دوران وہ یونیفائیڈ ہیڈکوارٹرس اور امرناتھ یاترا سیکورٹی اجلاسوں کی الگ سے صدارت کریں گے جبکہ جموں و کشمیر کیلئے کئی ترقیاتی منصوبے وقف کیے جائیں گے۔7اپریل کو جموں سے سرینگر وارد ہونے کے بعد 8اپریل کے بعد دوپہر وہ واپس دہلی لوٹ جائیں گے ۔ ذرائع نے بتایا کہ 7اور 8اپریل کو جموں و کشمیر کے دورے کے اپنے سابقہ شیڈول کے بجائے امیت شاہ 6اپریل کی دوپہر کو جموں پہنچیں گے۔ ان کے دورے کے پروگرام میں 28بی جے پی ممبران اسمبلی اور کچھ سینئر لیڈروں کے ساتھ ایک میٹنگ شامل کی گئی ہے جو 6اپریل کی شام کو رام نومی کی تقریبات کے موقع پر ہوگی۔وزیر اعظم کے دفتر میں مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ جموں میں امت شاہ کے ساتھ شامل ہوں گے۔وزیر داخلہ بی جے پی کے 28ممبران اسمبلی سے خاص طور پر لیجسلیچر کے بجٹ سیشن کے بارے میں رائے لیں گے جو 12 دن کے وقفے کے بعد 7اپریل کو دوبارہ شروع ہوگا اور 9اپریل کو غیر معینہ مدت کو ملتوی کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ امیت شاہ 7اپریل کی سہ پہر تک جموں میں رہیں گے اور پھر سرینگر جائیں گے۔ وہ 8اپریل کی سہ پہر نئی دہلی واپس آئیں گے۔ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ دو اہم اور الگ الگ سیکورٹی جائزہ اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔سیکورٹی جائزہ اجلاس میں سے ایک یونیفائیڈ ہیڈکوارٹر ہوگا جس میں لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا، وزارت داخلہ کے اعلیٰ افسران، فوج، نیم فوجی دستے، جموں و کشمیر پولیس (جے کے پی)، انٹیلی جنس ایجنسیاں اور سول انتظامیہ موجود ہوں گے۔ایک اجلاس امرناتھ یاترا کی سالانہ یاترا سے متعلق ہوگا جس کی وہ صدارت کریں گے۔ وہ ورچوئل افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے ذریعے کئی کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کو مرکز کے زیر انتظام علاقے کے لوگوں کے نام وقف کریں گے۔