عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر عبد الرحیم راتھر نے جمعرات کو کہا کہ لوک سبھا میں منظور کیا گیا وقف بل ہندوستان کے آئین میں درج مذہبی آزادی کے حق کی خلاف ورزی کرتا ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے راتھر نے کہا کہ یہ آئین کے آرٹیکل 25 کی خلاف ورزی ہے۔ جو ملک کے لوگوں کو مذہبی آزادی کا حق فراہم کرتا ہے۔
انھوں نے کہا یہ مناسب نہیں کہ آپ لوگوں کے ذاتی قوانین میں مداخلت کریں ـ
راتھر کا کہنا تھا کہ ہندوستان کے آئین کا آرٹیکل 25ہر فرد کو مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔ یہ یقینی بناتا ہے کہ تمام افراد کو ضمیر کی آزادی حاصل ہو اور وہ آزادانہ طور پر اپنے مذہب کو ماننے، اس پر عمل کرنے اور اس کی تبلیغ کرنے کا حق رکھتے ہوں۔
متنازعہ وقف بل لوک سبھا میں گزشتہ رات 12 گھنٹے کی بحث کے بعد منظور کیا گیا۔ جہاں بی جے پی اور اس کے اتحادیوں نے اس بل کی حمایت کی، وہیں انڈیا بلاک کی جماعتوں نے اس کے خلاف ووٹ دیا۔
تقریباً تمام علاقائی سیاسی جماعتوں بشمول نیشنل کانفرنس ، پیپلز کانفرنس اور پی ڈی پی نے اس بل کی مخالفت کی۔