عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں وکشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے جتھانہ کے پنجتیرتھی علاقے میں ملی ٹنٹوں کی طرف سے چلائی گئی گولیوں کے بعد سیکورٹی فورسز نے محاصرے کو سخت کرکے تلاشی آپریشن کو وسیع تر کر دیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹنٹوں کی موجودگی کے بارے میں اطلاع موصول ہونے پر جتھانہ کے پنجتیرتھی علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا ’’ اس دوران تلاشی پارٹی پر کچھ گولیاں چلائی گئیں۔‘‘انہوں نے مزید کہا ک ’’فائرنگ رک گئی ہے تاہم محاصرے کو مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ ملی ٹنٹوں کو فرار ہونے کا کوئی موقع نہ مل سکے۔‘‘
پولیس ذرائع نے بتایا کہ راج پور اور بلاور کے علاقوں میں بھی وسیع پیمانے پر تلاشی کارروائیاں انجام دی جا رہی ہیں اور مقامی لوگوں کو الرٹ رہنے کو کہا گیا ہے۔
اس دوران فوج کی رائزنگ اسٹار کور نے منگل کی صبح ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ انٹلی جنس اطلاع پرعمل کرتے ہوئے فوج، پولیس اور سی آر پی ایف نے کٹھوعہ کے پنجتیرتھی علاقے میں نگرانی کے ساتھ کئی گات لگائے۔
انہوں نے کہا ’’31 مارچ کی رات مشتبہ نقل و حرکت دیکھی گئی جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور یکم اپریل کی صبح روشنی کی پہلی کرن کے ساتھ ہی سرچ اینڈ ڈسٹرائے آپریشنز شروع ہوئے۔‘‘
انہوں نے مزید بتایا کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ محاصرے میں 3 ملی ٹنٹ پھنسے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ یہ کٹھوعہ میں گذشتہ 9 دونوں کے دوران ہونے والا تیسرا انکائونٹر ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ روئی گاؤں میں اتوار کی شام تین افراد ایک گھر میں داخل ہوئے اور وہاں سے پکا ہوا کھانا لے گئے۔ قبل ازیں جتھانہ کے راج باغ علاقے میں 27 مارچ کو انکائونٹر کے دوران 4 پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ 2 ملی ٹنٹ ہلاک ہوئے تھے ـ