حسین محتشم
پونچھ//ریاست جموں و کشمیر کی نامور روحانی و علمی شخصیت ممبر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ بانی و مہتمم جامعہ ضیاء العلوم پونچھ مولانا غلام قادر نے وقف ترمیمی بل ایکٹ کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے حکومت ہند سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسلمانوں کی تشویش کا سنجیدہ نوٹس لے۔انہوں نے کہا ہے کہ اس معاملہ میں مسلم قیادت کو اعتماد میں لئے بغیر عجلت میں کوئی فیصلہ نہ کیا جائے کیونکہ یہ ایک انتہائی حساس اور اہمیت کا حامل معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ مسلم قیادت بالخصوص مسلم پرسنل لا بورڈ جمعہ العلمائے ہند اور دیگر مسلم تنظیموں سے مذاکرات کے بعد ہی کوئی فیصلہ لے۔ مولانا نے حکومت کی جلد بازی پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے اس سے بے معنی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے چلائی گئی مہم کا وہ خیر مقدم کرتے ہیں اور اس کی پْر زور حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وقف املاک کی حفاظت کے ذمہ داری مسلمانوں کی ملی اور اجتماعی ذمہ داری ہے اس حوالے سے کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ مولانا نے تمام ملی تنظیموں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی کہ وہ اس معاملہ پر یکجا اور متحد ہیں۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ملی تنظیموں کی مہم کا بھرپور ساتھ دیں اور پْرامن طریقے سے اپنا جمہوری احتجاج درج کرائیں اور آپسی ہم اہنگی کو برقرار رکھیں۔