عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری کے ایم ایل اے افتخار احمد نے میونسپل کونسل راجوری، محکمہ خوراک، شہری رسدات و امور صارفین، محکمہ بجلی اور جل شکتی محکمہ کے اعلیٰ افسران کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس کا مقصد آنے والے نوراتری اور عید الفطر کیلئے انتظامات کا جائزہ لینا تھا تاکہ شہریوں اور عقیدت مندوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ایم ایل اے افتخار احمد نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ بجلی، پانی، صفائی اور راشن کی بلا تعطل دستیابی یقینی بنائیں تاکہ دونوں مذہبی مواقع عقیدت اور سہولت کے ساتھ منائے جا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام محکمے متحرک رہیں اور کسی بھی پریشانی کی صورت میں فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ لوگوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔