عظمیٰ نیوز سروس
راجوری // مغل روڈ پر برف ہٹانے کا کام تیزی سے جاری ہے، اور جنرل ریزرو انجینئرنگ فورس (جی آر ای ایف) کی ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں تاکہ سڑک کو جلد از جلد آمد و رفت کے لئے بحال کیا جا سکے۔ شدید برفباری کے بعد بند ہونے والی اس اہم شاہراہ کو کھولنے کے لئے جدید مشینری کا استعمال کیا جا رہا ہے۔حکام کے مطابق، مغل روڈ پر کئی فٹ برف جمی ہوئی ہے، خاص طور پر پیر کی گلی، پوشانہ و دیگرکے مقامات پر برف کی موٹی تہہ موجود ہے تاہم، جی آر ای ایف کی ٹیمیں پوری محنت کے ساتھ کام کر رہی ہیں تاکہ گاڑیوں کی آمد و رفت جلد بحال ہو سکے۔محکمہ کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ ’برف ہٹانے کا کام دن رات جاری ہے، اور ہمیں امید ہے کہ جلد ہی سڑک کو بحال کر دیا جائے گا۔ موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کی رفتار مزید تیز کر دی گئی ہے۔مغل روڈ، جو کہ راجوری اور پونچھ کو وادی کشمیر سے جوڑتی ہے، ہر سال سخت سردیوں میں برفباری کی وجہ سے کئی ماہ تک بند رہتی ہے۔ سڑک کی بندش سے مقامی لوگوں کو سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور کاروبار بھی متاثر ہوتا ہے۔