یٰسین جنجوعہ
راجوری // جموں پونچھ شاہراہ پر مختلف مقامات پر قائم ڈھابوں اور ہوٹلوں میں کھانے کے معیار کو جانچنے کا کوئی موثر نظام نہ ہونے کے باعث مسافروں کو غیر معیاری کھانے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شاہراہ پر سفر کرنے والے افراد نے شکایت کی ہے کہ ریاسی، راجوری اور پونچھ اضلاع میں جگہ جگہ موجود ہوٹلوں اور ڈھابوں میں صفائی ستھرائی کا فقدان ہے، جبکہ کھانے کی قیمتیں بھی من مانی وصول کی جا رہی ہیں۔جموں پونچھ شاہراہ پر کالی دھار، بھاملہ، سندر بنی، لمبیڑی، راجل، نوشہرہ، چنگس، بتھونی، راجوری، گھمبیر براہمناں، منجاکوٹ، دھیری ریلیوٹ، بھمبر گلی، جڑانوالی گلی، سرنکوٹ اور لسانہ میں قائم ہوٹلوں اور ڈھابوں میں صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث عوام کو صحت کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مسافروں نے الزام لگایا کہ ان ہوٹلوں میں سے متعدد میںنہ صرف ناقص اور غیر معیاری کھانے بیچے جا رہے ہیں بلکہ انتہائی گندگی والے ماحول میں کھانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔شاہراہ پر سفر کرنے والے مسافروں نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ سے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شاہراہ پر قائم ہوٹلوں اور ڈھابوں کی سخت نگرانی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ غیر معیاری کھانے کی فروخت کو روکا جا سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ مسافروں کی مجبوری اور ڈرائیوروں کی جلد بازی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہوٹل مالکان کھانے کی قیمتیں بھی بے تحاشہ بڑھا دیتے ہیں۔مسافروں کے مطابق، کئی ڈھابوں میں استعمال ہونے والا تیل اور دیگر اشیائے خورد و نوش انتہائی ناقص معیار کے ہوتے ہیں جو صحت کے لئے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ بیشتر ہوٹلوں میں پینے کے پانی کا مناسب انتظام بھی موجود نہیں ہے جبکہ برتن اور کھانے کی دیگر اشیاء بھی غیر محفوظ ماحول میں رکھی جاتی ہیں۔لوگوں نے حکومت اور متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیا ہے کہ جموں پونچھ شاہراہ پر موجود ہوٹلوں اور ڈھابوں کا باقاعدگی سے معائنہ کیا جائے اور جو ہوٹل صحت عامہ کے اصولوں پر پورا نہ اتریں انہیں بند کیا جائے یا ان پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے۔عوام نے یہ بھی تجویز دی ہے کہ محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری اور دیگر ضلعی و سب ڈویژن انتظامیہ کے ہیلپ لائن نمبرز تمام ہوٹلوں اور ڈھابوں پر واضح طور پر چسپاں کئے جائیں اور شاہراہ پر متعدد جگہوں پر سائن بورڈ بھی نصب کئے جائیں تاکہ کسی بھی شکایت کی صورت میں مسافر فوری طور پر حکام سے رابطہ کر سکیں۔ ساتھ ہی، ہوٹلوں اور ڈھابوں میں پیش کئے جانے والے کھانوں کے معیار پر نظر رکھنے کیلئے مسافروں کو موقع فراہم کیا جائے کہ وہ فوٹو اور ویڈیوز کے ذریعے متعلقہ حکام تک غیر معیاری کھانے کی اطلاع واٹس ایپ کے ذریعے بھیج سکیں۔