عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں و کشمیر پولیس سربراہ نلین پربھات نے کہاہے کہ جموں و کشمیر پولیس کاجذبہ کمزور ہوا ہے نہ ہمارا مقصد ہم سے دور ہے۔ جمعہ کی شام دیر گئے کٹھوعہ میں پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ڈی جی پی نے کہا کہ ان کے نقصان کی تلافی الفاظ سے نہیں بلکہ عمل سے ہوگی۔انہوںنے کہاکہ جموں و کشمیر پولیس کاجذبہ کمزور نہیںہوا ہے اور نہ ہمارا مقصد ہم سے دور ہے، ہمارا مقصد صاف ہے اور نیت بھی۔ انہوں نے کہا کہ جذبے کی کمی نہیں ہے کیونکہ جموں و کشمیر پولیس ملک کی واحد فورس ہے جو اپنی بہادری اور قربانی سے اپنی تاریخ سنہری الفاظ میں لکھ رہی ہے۔پولیس چیف نے کہا کہ جب تک ہمارا ناپاک پڑوسی (پاکستان) اور اس کی (ملی ٹینٹ) تنظیموں سے مناسب طریقے سے نہیں نمٹا جاتا ہم نہ سوئیں گے اور نہ آرام کریں گے،بلکہ یہ جنگ جاری رہے گی۔انہوںنے کہاکہ ہماری نیت میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔نلین پربھات نے کہا کہ ابتدائی گولی باری میں2 پاکستانی ملی ٹینٹوں کو ماراگیا لیکن جب پولیس پارٹی پہاڑی پر چڑھ رہی تھی، ملی ٹینٹوں نے اپنی غالب پوزیشن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 4جوانوں کو ہلاک کردیا۔ پاکستان میں قائم جیشِ محمد کی سایہ دار تنظیم پیپلز اینٹی فاشسٹ فرنٹ، نے انکاؤنٹر میں ملوث ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔