عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے کٹھوعہ ضلع کے جنگلی علاقے میں ہفتے کے روز ملی ٹینٹ مخالف آپریشن کو مزید کئی علاقوں تک وسعت دی گئی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے جائے تصادم کے قریب بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کر لیا ہے۔اطلاعات کے مطابق کٹھوعہ کے گھنے جنگلات میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشن بدستور جاری ہے۔سیکورٹی فورسز نے ہفتے کے روز مزید کئی علاقوں میں سخت حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے پہرے بٹھا دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، جنگلی علاقے میں محصور دہشت گردوں کو مار گرانے کے لیے اضافی دستوں کو بھی روانہ کیا گیا ہے۔جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ نالین پربھات کے مطابق:”گھنے جنگلات میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان طویل فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس دوران چار پولیس اہلکار شہید ہوئے۔”انہوں نے کہا کہ”سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے، جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ جاری ہے۔”دریں اثنا فوج کی ‘رائزنگ اسٹار کور’ نے اس انکاؤنٹر کے دوران جاں بحق ہونے والے پولیس جوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
“رائزنگ اسٹار کور، جموں و کشمیر پولیس کے ان بہادر اہلکاروں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہے، جنہوں نے کٹھوعہ میں ‘آپریشن سیفیان’ کے دوران جرات و بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی جانیں نچھاور کیں۔
کٹھوعہ انکاؤنٹر: ملی ٹینٹ مخالف آپریشن کا دائرہ وسیع
