عظمیٰ ویب ڈیسک
میانمار/میانمار میں جمعہ کو آنے والے شدید زلزلے کے بعد مسلسل جھٹکے محسوس کیے جا رہے ہیں۔ تازہ زلزلہ جمعہ کی رات 11:56 بجے (مقامی وقت) 4.2 شدت کے ساتھ آیا، جس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ اس زلزلے سے پہلے 7.7 شدت کا طاقتور زلزلہ آیا تھا، جس نے میانمار اور پڑوسی ملک تھائی لینڈ میں تباہی مچا دی۔
میانمار میں زلزلے سے اب تک 694 سے زائد افراد جاں بحق اور 1670 سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔ کئی عمارتیں، پل اور بدھ مت کے مذہبی مراکز ملبے کا ڈھیر بن گئے ہیں۔ میانمار کی فوجی حکومت کے سربراہ سینئر جنرل مِن آنگ ہلائنگ نے اعلان کیا ہے کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
زلزلے کے جھٹکوں نے تھائی لینڈ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، جہاں دارالحکومت بینکاک میں ایک بلند عمارت سمیت تین تعمیراتی مقامات گر گئے۔ تھائی حکام کے مطابق، حادثے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہو گئے جبکہ 101 افراد لاپتا ہیں۔
میانمار میں زلزلے نے سڑکیں توڑ ڈالیں، پلوں کو گرایا اور ریسکیو ٹیموں کے لیے شدید مشکلات پیدا کر دیں۔ متاثرہ علاقوں تک امداد پہنچانا دشوار ہو گیا ہے کیونکہ یہ پہلے ہی انسانی بحران سے دوچار تھے۔ انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کے میانمار کے ڈائریکٹر محمد ریاض نے کہا ہے کہ تباہی کا مکمل اندازہ لگانے میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔ امریکی جیولوجیکل سروے نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر سکتی ہے۔