عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کی سبھی مساجدوں میں مسلمانوں نے شب قدر کی مقدس رات عقیدت و احترام کے ساتھ منائی۔ پوری رات قصبہ کی مساجدوں و خانقاہوں کے ساتھ ساتھ گھروں میں بھی خصوصی محفلِ عبادات کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اگرچہ نوجوانوں ، بزرگوں و بچوں نے ساری رات مساجد میں گزاری تاہم خواتین صبح سحری تک گھروں میں ہی عبادت میں مشغول رہیں۔ لیلہ القدر کی سب سے بڑی تقریب کا اہتمام مرکزی جامع مسجد کشتواڑ میں کیا گیاجہاں نماز تروایح کےبعدہزاروں کی تعداد میں رات بھر لوگوں نے تلاوت قرآن پاک، نوافل نماز، دعائوں کے ساتھ ساتھ نعت پاک پڑھیںجبکہ قصبہ کی دیگر مساجدوں جن میں سنگرام بھاٹہ،پوچھال ، مسجد اسراریہ سرکوٹ ،چیرہاڑ ، ہستی ،سرتھل چھاترو مغل میدان میں بھی شب قدر کا اہتمام کیا گیا تھا جہاں ائمہ کرام نے حضور اقدس ﷺ کی زندگی پر روشنی ڈالی اور مسلمانوں پر زور دیا کہ اپنی باقی بچی پوری زندگی کو حضور ؐکے طریقہ کار پر گزاریں۔اس دوران جمعتہ الوداع کے موقعہ پر ضلع کشتواڑ کی تمام مساجد میں فرزندان توحید نے جوش و جذبے کے ساتھ نماز جمعہ ادا کی جبکہ نمازیوں کا بھاری رش بھی دیکھنے کو ملا ۔سب سے بڑا اجتماع مرکزی جامع مسجد کشتواڑ میں منعقد ہوا۔جہاں پر ہزاروں کی تعداد میں بزرگوں ،بچوں و نوجوانوں نے جمعہ کی نماز ادا کی۔اس کی علاوہ دیگر مساجد میں بھی کافی تعداد میں لوگوں نے نماز میں شرکت کی۔جبکہ کئی مساجدوں میں بھاری رش کی وجہ سے باہر سڑکوں پر نماز ادا کی گئی۔ضلع پولیس کی طرف سے قصبہ میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے ۔