عظمیٰ نیوز سروس
جموں// کٹھوعہ ضلع کے دور افتادہ جنگلاتی علاقے میں انکوانٹر کے مقام پر ڈرون کا استعمال کرتے ہوئے لاپتہ پولیس اہلکار کی لاش دیکھی گئی۔حکام نے بتایا کہ گولی باری میں ہلاک ہونے والا یہ چوتھا پولیس اہلکار ہے جس میں تین ملی ٹینٹ مارے گئے۔انہوں نے بتایا کہ دوسرے دن بھی شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں آتی رہیں ۔جمعہ کی صبح فوج اور سی آر پی ایف کی مدد سے پولیس نے صفیان کے علاقے کو صاف کرنے کے لیے رات کے وقفے کے بعد مختلف سمتوں سے حرکت کی۔جمعرات کو، ممنوعہ جیش محمد تنظیم کے 3 مشتبہ پاکستانی ملی ٹینٹ اور اتنی ہی تعداد میں پولیس اہلکار دن بھر کی گولی باری کے بعد مردہ پائے گئے جبکہ ایک پولیس اہلکار کے لاپتہ ہونے کی اطلاع تھی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سمیت 7 دیگر زخمی ہوئے۔حکام نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے دن کی پہلی روشنی کے ساتھ آپریشن دوبارہ شروع کیا، جس کی اولین توجہ مرنے والوں کی لاشوں کو نکالنا، ایک لاپتہ پولیس اہلکار کی تلاش اور کسی دوسرے خطرے کو بے اثر کرنا تھا۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ سیکورٹی پارٹیاں احتیاط سے نشانہ بنائے گئے علاقے کی طرف بڑھی کیونکہ خیال ہے کہ وہاں دو اور ملی ٹینٹ چھپے ہوئے ہیں۔ انہیں پہلے مردہ تصور کیا گیا تھا لیکن ان کی لاشیں ڈرون کے ذریعے نہیں دیکھی جا سکیں۔حکام نے بتایا کہ راج باغ کے گھاٹی جوتھانہ علاقے میں جاکھول گائوں کے قریب واقع آپریشن جمعرات کی صبح تقریباً’’ 8 بجے شروع ہوا ان ملی ٹینٹوںنے حال ہی میں ہیرا نگر سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد کے پار سے دراندازی کی تھی۔ پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ کی قیادت میں اور فوج اور سی آر پی ایف کی مدد سے کئے گئے حملے میں تین ملی ٹینٹ مارے گئے۔سب ڈویژنل پولیس آفیسر(ایس ڈی پی او) سمیت پانچ پولیس اہلکار مبینہ طور پر گھنے پودوں سے چھپے ہوئے ایک نالے سے ملحقہ فائرنگ کے مقام کے قریب پھنس گئے۔تاہم، ایس ڈی پی او کو جمعرات کی شام جائے وقوعہ سے زخمی حالت میں نکالا گیا، جب کہ ان کے تین ذاتی سیکورٹی اہلکار مردہ پائے گئے صبح ایک پولیس اہلکار کی لاش دیکھی گئی۔ایس ڈی پی او کے علاوہ تین اور پولیس اہلکاروں کو کٹھوعہ ہسپتال میں داخل کرایا گیا اور ان کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ آپریشن میں دو فوجی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
منوج سنہا اور عمر عبداللہ
جاں بحق اہلکاروں کو خراج
عظمیٰ نیوز سروس
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کٹھوعہ انکائونٹر کے دوران اپنی جانیں نچھاور کرنے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔منوج سنہا نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا ‘ میں جموں و کشمیر پولیس کے بہادر شہیدوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے مادر وطن کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں’۔انہوں نے سوگوار کنبوں کے ساتھ تعزیت کی۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سوگوار کنبوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے اپنے دفتر کے ‘ایکس’ ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘ فخر اور غم ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں جب ہم بلوندر سنگھ چب، جسونت سنگھ اور طارق احمد کو یاد کرتے ہیں جنہوں نے جموں و کشمیر کے کٹھوعہ میںآپریشن کے دوران اپنی جانیں قربان کیں’۔انہوں نے سوگوار کنبوں کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ان جوانوں کی ڈیوٹی کے دوران پیش کی جانی والی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔