عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/سیکورٹی فورسز نے آجکٹھوعہ ضلع کے ایک دور افتادہ جنگلاتی علاقے میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشن دوبارہ شروع کر دیا۔ ایک روز قبل، اس تصادم میں تین ملی ٹینٹ اور تین پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔جمعرات کو ہونے والی اس جھڑپ میں سات دیگر افراد، بشمول ایک افسر، زخمی بھی ہوئے تھے۔
رات بھر آپریشن روکنے کے بعد، صبح کی پہلی روشنی کے ساتھ مختلف سمتوں سے تلاشی مہم دوبارہ شروع کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک شدگان کی لاشوں کو برآمد کرنے، لاپتہ پولیس اہلکار کی تلاش اور کسی بھی ممکنہ خطرے کو ختم کرنا ترجیح ہے۔
سیکورٹی فورسز احتیاط کے ساتھ علاقے کی طرف بڑھ رہی ہیں، تاہم ملی ٹینٹوں کی جانب سے کسی قسم کی مزاحمت سامنے نہیں آئی، جس سے یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ تمام ملی ٹینٹ مارے جا چکے ہیں۔ تاہم، ڈرون کی مدد سے صرف تین ملی ٹینٹوں کی لاشیں دیکھی جا سکی ہیں، جبکہ دو دیگر کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں۔
یہ آپریشن راج باغ کے گھٹی جوتھانہ علاقے میں واقع جکھولے گاؤں کے قریب کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق، یہ کارروائی جمعرات کی صبح 8 بجے کے قریب اس وقت شروع ہوئی جب پولیس نے ایک گروہ کے خلاف کارروائی تیز کر دی، جو مبینہ طور پر پاکستان میں موجود ملی ٹینٹ تنظیم جیشِ محمد (JeM) سے تعلق رکھتے ہیں اور حال ہی میں ہیرانگر سیکٹر کے راستے دراندازی کی تھی۔
تاہم، ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ وہی گروپ تھا جو پہلے ہیرانگر کے سنیال جنگل میں محاصرے سے فرار ہوا تھا یا کوئی دوسرا گروہ تھا۔ اس آپریشن میں تین ملی ٹینٹوں کو ہلاک کر دیا گیا، جس کی قیادت جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی)نے کی، جبکہ فوج اور سی آر پی ایف نے بھی مدد فراہم کی۔
جھڑپ کے مقام کے قریب، پانچ پولیس اہلکار، بشمول ایک سب ڈویژنل پولیس آفیسر ، پھنس گئے تھے۔تاہم، ڈی ایس پی رینک کے ایس ڈی پی اوکو زخمی حالت میں نکال لیا گیا، جبکہ ان کے تین سیکورٹی افسران ہلاک ہو گئے۔ ایک اور پولیس اہلکار ابھی تک لاپتہ ہے۔
زخمی ایس ڈی پی اوکے علاوہ، تین دیگر پولیس اہلکاروں کو کٹھوعہ اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ، دو فوجی اہلکار بھی اس آپریشن میں زخمی ہوئے۔
اس سے قبل، اتوار کی شام کو سنیال گاؤں کے قریب، جو بین الاقوامی سرحد کے نزدیک واقع ہے، ایک ‘ڈھوک’ (نرسری میں موجود ایک عارضی پناہ گاہ) میں دہشت گردوں کے ایک گروہ کو روکا گیا تھا۔
پولیس، فوج، این ایس جی، بی ایس ایف اور سی آر پی ایف کی مشترکہ تلاشی مہم کے دوران جدید تکنیکی اور نگرانی کے آلات استعمال کیے گئے تاکہ دہشت گردوں کو تلاش کر کے ختم کیا جا سکے۔
بڑے پیمانے پر تلاشی کے باوجود، ملی ٹینٹ ابتدائی محاصرے سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ تاہم، خیال کیا جا رہا ہے کہ وہی گروہ بعد میں جکھولے کے قریب دیکھا گیا، جو ابتدائی جھڑپ کے مقام سے تقریباً 30 کلومیٹر دور ہے۔
پیر کے روز تلاشی ٹیموں کو ہیرانگر کے تصادم کے مقام کے قریب سے مختلف شواہد ملے، جن میں ایم4 کاربائن کی چار بھری ہوئی میگزین، دو دستی بم، ایک بلٹ پروف جیکٹ، سلیپنگ بیگ، ٹریک سوٹ، کھانے کی کچھ چیزیں اور دیسی ساختہ بم (IEDs) بنانے کے مواد شامل تھے۔
ملی ٹینٹ جنگلاتی علاقے سے بِلَوارکی طرف جا رہے تھے جب پولیس پارٹی، جس کی قیادت ایس ڈی پی اوکر رہے تھے، ان کے خلاف کارروائی کے لیے پہنچی، لیکن انہیں شدید فائرنگ کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں دن بھر جھڑپ جاری رہی۔
فوری طور پر پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کی مزید نفری علاقے میں تعینات کر دی گئی، جبکہ فوج کی خصوصی فورسز کو فضائی راستے سے بھی اتارا گیا تاکہ ملی ٹینٹوںکا خاتمہ کیا جا سکے۔ پولیس کا ماننا ہے کہ ملی ٹینٹوںنے ہفتے کے روز سرحد پار سے دراندازی کی، ممکنہ طور پر کسی نالے کے راستے یا حال ہی میں کھودی گئی کسی سرنگ کے ذریعے۔
جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل پولیس نلن پربھات اور انسپکٹر جنرل پولیس (جموں زون) بھیم سین توٹی گزشتہ چار دنوں سے کٹھوعہ میں اس انسداد ملی ٹینسی آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ پاکستان میں موجود ملی ٹینٹ تنظیم جیشِ محمد (JeM) کے ایک ذیلی گروہ، پیپلز اینٹی فاشسٹ فرنٹ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
کٹھوعہ انکاؤنٹر: آپریشن رات بھر رُکنے کے بعد دوبارہ شروع
