سمت بھارگو
راجوری//سیکورٹی فورسز نے جمعرات کی دوپہر جموں و کشمیر کے راجوری ضلع کے تھنہ منڈی سب ڈویژن کے منیال گلی جنگلات میں ایک ملی ٹینٹوں کے ٹھکانے کا پردہ فاش کر کے اُسے تباہ کر دیا۔یہ کارروائی جموں و کشمیر پولیس اورفوج کی مشترکہ کارڈن اینڈ سرچ آپریشن کے دوران عمل میں لائی گئی۔حکام کے مطابق، جنگلات میں مشکوک نقل و حرکت کی خفیہ اطلاع ملنے کے بعد یہ اینٹی ٹیرر آپریشن شروع کیا گیا، جس کے نتیجے میں یہ ٹھکانہ دریافت کیا گیا۔سیکورٹی فورسز نے اس خفیہ ٹھکانے سے دو دستی بم برآمد کیے، جنہیں موقع پر ہی ایک کنٹرولڈ دھماکے کے ذریعے ناکارہ بنا دیا گیا۔ اس کے علاوہ، کچھ گولیاں، ایک سولر پلیٹ، ایل پی جی سلنڈر، کپڑے اور گولہ بارود رکھنے کا ایک پوچ بھی برآمد کیا گیا۔آخری اطلاعات تک علاقے میں تلاشی مہم جاری تھی۔