عشرت حسین بٹ
پونچھ// تاریخی مغل شاہراہ پر آج سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا جا رہا ہے اور 10اپریل تک اس شاہراہ کو ٹریفک آمد و رفت کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار او سی گریف آشش رنجن نے پونچھ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ بارڈر روڈ آرگنائزیشن نے مغل شاہراہ کو 31دسمبر 024کو اپنی تحویل میں لیا تھا لیکن اس کے بعد نامساعد موسمی صورت حال اور برف باری کی بنا پر شاہراہ ٹریفک آمد و رفت کے لئے بند تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج سے پوشانہ تا پیر کی گلی دس کلو میٹر سڑک سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا جا رہا ہے جس میں یہ کوشش رہے گی کہ 9اپریل تک شاہراہ سے برف صاف کر شاہراہ کو ٹریفک آمد ورفت کیلئے بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بی آر او کا ارادہ تھا کہ بیس اپریل تک اس شاہراہ پر ٹریفک کو بھال کیا جائے مگر ایمرجنسی اور انتظامی اثرار پر دس اپریل کو اس شاہراہ پر ٹریفک آمد و رفت متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہراہ پر بہت زیادہ برف اور برفانی تودے آئے ہوئے ہیں اور ان کو صاف کرنے کے لئے گریف کی جانب سے تمام تر مشینری اور مین پاور کو استعمال کیا جائے گا ۔او سی کا کہنا تھا کہ جونہی سڑک کو ٹریفک آمد ورفت کے قابل بنایا جائے گا تو ٹریفک چلنے کے لئے صبح دس بجے سے شام تین بجے تک کا وقت مقرر کیا جائے گا تاکہ شاہراہ پر بہتر طریقے سے ٹریفک آمد و رفت جاری رہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس شاہراہ پر گھومنے پھرنے کے لئے سفر کریں گے وہ باضابطہ طور پر ان کی طرف سے جاری کی جانے والی ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق ہی سفر کریں گے۔