یو این آئی
نئی دہلی//دہلی قانون ساز اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے تیسرے دن بدھ کو اسپیکر وجیندر گپتا نے کہا کہ اسمبلی کے کام کاج میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اسے اگلے اجلاس تک “ای-ودھان سبھا” بنایا جائے گا۔ اس کے لیے مرکزی حکومت کی پارلیمانی امور کی وزارت کے ساتھ تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔ گپتا نے کہا کہ 100دنوں کے اندر دہلی قانون ساز اسمبلی کو ڈیجیٹل ٹکنالوجی سے آراستہ کرکے’ای-ودھان سبھا‘بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد مانسون اجلاس میں ای ودھان سبھا ایپلیکیشن (این ای وی اے)کا استعمال کرنا ہے۔قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر نے کہا کہ اس کے لیے 22 مارچ کو مرکزی حکومت کی پارلیمانی امور کی وزارت کے ساتھ ایک “یادداشت مفاہمت” پر دستخط کیے گئے ہیں۔ دہلی میں ای-ودھان سبھا پروجیکٹ کو مرکز کی طرف سے مکمل طور پر فنڈ فراہم کیا جائے گا۔ ای ودھان سبھا پروجیکٹ کے ساتھ ایوان کی کارروائی آن لائن اور پیپر لیس ہو جائے گی۔اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ اب اراکین کو اپنے نوٹس آن لائن جمع کرانے اور اسمبلی کا تمام ریکارڈ اپنے فون یا ٹیبلٹ پر حاصل کرنے کی سہولت ملے گی۔