عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے محکمہ صحت میں تقریباً 16,000 ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل عملے کی آسامیاں خالی ہیں، جس کی اطلاع وزیر صحت سکینہ ایتو نے پیر کو قانون ساز اسمبلی کو دی۔ ایم ایل اے شام لال شرما کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز جموںمیں 980 گزٹیڈ اور 2937 نان گزٹیڈآسامیاں خالی ہیں، جبکہ ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کشمیرمیں 420 گزٹیڈ اور 1574 نان گزٹیڈآسامیاں خالی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آیوش میں45 گزٹیڈ اور 190 نان گزٹیڈآسامیاں خالی ہیں، جبکہ نیشنل ہیلتھ مشن (NHM)میں305 گزٹیڈ اور 1422 نان گزٹیڈآسامیاں خالی ہیں۔ دونوں ڈائریکٹوریٹس میں کل 7873 آسامیاں خالی ہیں۔
سکینہ ایتو نے بتایا کہ جی ایم سی سرینگراور اس سے منسلک اسپتالوں میں 347 گزٹیڈ اور 1984 نان گزٹیڈآسامیاں خالی ہیں، جبکہ جی ایم سی جموںمیں 362 گزٹیڈ اور 1392 نان گزٹیڈآسامیاں خالی ہیں۔
دیگر میڈیکل کالجز میں جیسےجی ایم سی اننت ناگ: 91 گزٹیڈ، 283 نان گزٹیڈ ،جی ایم سی بارہمولہ: 232 گزٹیڈ، 357 نان گزٹیڈ ،جی ایم سی ڈوڈہ: 154 گزٹیڈ، 225 نان گزٹیڈ ،جی ایم سی کٹھوعہ: 121 گزٹیڈ، 188 نان گزٹیڈ ،جی ایم سی راجوری: 173 گزٹیڈ، 232 نان گزٹیڈ ،جی ایم سی ہندواڑہ: 107 گزٹیڈ، 737 نان گزٹیڈ ،جی ایم سی ادھم پور: 210 گزٹیڈ، 545 نان گزٹیڈ اس کے علاوہ نیشنل ہیلتھ مشن کے تحت ان کالجوں میں 65 گزٹیڈ اور 274 نان گزٹیڈآسامیاں خالی ہیں۔
سکینہ ایتو کے مطابق، اگرچہ محکمہ صحت میں اتنی بڑی تعداد میں آسامیاں خالی ہیں، مگر اسپتالوں اور میڈیکل کالجز میں کام کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے مناسب عملہ موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضرورت پڑنے پر خالی آسامیاں عارضی بنیادوں پر تعلیمی بنیاد پر پُر کی جاتی ہیں تاکہ مریضوں کو بہتر علاج فراہم کیا جا سکے۔
ایتو نے کہا، اسٹاف کی دستیابی کو نیشنل ہیلتھ مشن (این ایچ ایم ) کے ذریعے بھی پورا کیا جا رہا ہے۔ نومبر 2024 میں، 365 امیدواروں کو میڈیکل آفیسرز کے طور پر تعینات کیا گیا اور انہیں ان علاقوں میں تعینات کیا گیا جہاں اسٹاف کی قلت تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے سرکاری میڈیکل کالجز میں مناسب ریگولر فیکلٹی موجود ہے۔ تمام خالی انٹری لیول پوسٹیں جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن (JKPSC)کو مشتہر کرنے کے لیے بھیجی گئی ہیں اور مناسب امیدواروں کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔ جب تک مستقل تقرریاں نہیں ہوتیں، خالی آسامیاں تعلیمی بنیادوں پر SO 364 آف 2020 کے تحت بھری جاتی ہیں تاکہ مریضوں کی دیکھ بھال اور تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں۔ ایتو نے مزید کہا کہ نیشنل میڈیکل کمیشن وقتاً فوقتاً ان اداروں کا معائنہ کرتا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ میڈیکل کالجز میں مطلوبہ فیکلٹی کی سطح برقرار رہے۔
جموں و کشمیر کے محکمہ صحت میں تقریباً 16,000 آسامیاں خالی: سکینہ یتو
