عشرت حسین بٹ
پونچھ// ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ ویکاس کنڈل نے کہا ہے کہ تاریخی مغل شاہراہ کو دس اپریل سے ٹریفک آمد و رفت کے لئے کھولا جا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ ایک خصوصی گفتگو میں بات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے 29مارچ کو برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر 29مارچ کو موسم صاف رہتا ہے یا برف باری نہیں ہوتی ہے تو اس کے اگلے ہی دن تاریخی مغل شاہراہ سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا جائے گا اور 9اپریل کو شاہراہ پر یکطرفہ ٹریفک کو ٹرایل دیا جائے گا اور دس اپریل کو شاہراہ کو دونوں اطراف سے کھول دیا جائے گا۔ کنڈل نے کہا کہ اس سلسلے میں مغل شاہراہ سے تعلق رکھنے والے تمام ذمہ داران کے ساتھ ایک اجلاس بھی منعقد کیا گیا جس دوران شاہراہ کو جلد ٹریفک آمد و رفت کے لئے غور خوض کیا گیا ۔بتا دیں کہ مغل شاہراہ رواں سال جنوری میں نامساید موسمی صورت اور شدید برف باری کی وجہ سے ٹریفک آمد و رفت کے لئے بند کی گئی تھی وہیں خطہ پیر پنچال کے لوگ بھی اس شاہراہ کو جلد کھولنے کی مانگ کر رہے ہیں۔