عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر حکومت نے پیر کے روز کہا کہ عوام کو 12 گیس سلنڈرز مفت فراہم کرنے کی تجویز اس وقت زیر غور ہے۔
اسمبلی میں پیپلز کانفرنس کے ایم ایل اے سجاد غنی لون کے سوال کے تحریری جواب میں، خوراک، شہری رسدات اور امور صارفین کے وزیر، ستیش شرما نے ایوان کو آگاہ کیا کہ جموں و کشمیر میں 12 گیس سلنڈرز مفت فراہم کرنے کا معاملہ حکومت کی جانب سے زیر غور ہے۔
انہوں نے کہا حکومت کی طرف سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
سجاد لون نے سوال کیا تھا کہ آیا حکومت واقعی 12 گیس سلنڈرز مفت فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، اور اگر ایسا ہے تو اس منصوبے پر عمل درآمد کا وقت کیا ہوگا؟
یاد رہے کہ 2014 کے یو ٹی انتخابات میں نیشنل کانفرنس کے منشور میں معاشی طور پر کمزور طبقے (EWS) کو ہر سال 12 گیس سلنڈرز مفت فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔
گزشتہ سال نومبر میں، ستیش شرما نے کہا تھا کہ 12 گیس سلنڈرز اور دگنی راشن کی فراہمی کے حوالے سے باضابطہ اعلان جلد کیا جائے گا ـ
انہوں نے کہا تھا، حکومت اس منصوبے کی تفصیلات کو حتمی شکل دے رہی ہے، اور بہت جلد اس حوالے سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔