عاصف بٹ
کشتواڑ//سنیچر و اتوار کی درمیانی شب کشتواڑ ضلع میں کاندنی کے قریب زیرو پوائنٹ ریتلے پروجیکٹ دراب شالہ کے مقام پر ایک کیمپر گاڑی سڑک حادثے کا شکار ہوئی جسمیں ایک شخص جاںبحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔یہ واقعہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب 3بجے کے قریب پیش آیا جب کیمپر گاڑی زیرنمبر JK16B۔6907،جو میگھا کمپنی کے ساتھ کام کر رہی تھی ،حادثے کا شکار ہوئی۔جاں بحق کی شناخت بونجواہ کے کیوا سے تعلق رکھنے والے آشیش کمار کے طور پر ہوئی ہے جو اس پروجیکٹ میں ڈمپروں کا نائٹ شفٹ انچارج سپروائزر تھا۔ اس کی جائے وقوعہ پر موت ہو گئی اور اس کی لاش کو طبی وقانونی کارروائیوں کے لیے ٹھاٹھری کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹرمنتقل کیا گیا جبکہ زخمی کی شناخت سونو کمار ولد کلدیپ کمار ساکن دراب شالہ کے طورہوئی۔ کمار کو پہلے سی ایچ سی ٹھاٹھری لے جایا گیا جسکے بعد اسے مزید علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ ریفر کیا گیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔