عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ضلع انتظامیہ پونچھ نے نوجوانوں میں منشیات کے خطرناک اثرات سے آگاہی پیدا کرنے کے لئے نشہ مکّت بھارت ابھیان کے تحت ایک مہم کا آغاز کیا۔ اس سلسلے میں شہید منجیت سنگھ ماڈرن میموریل بوائز ہائر سیکنڈری اسکول پونچھ میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں ڈپٹی کمشنر وکاس کندل نے باضابطہ طور پر اس مہم کا آغاز کیا۔تقریب کا آغاز منشیات کے خلاف عہد لینے سے ہوا، جس میں شرکاء نے منشیات کے استعمال سے بچنے اور دوسروں کو بھی اس لعنت سے محفوظ رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔بعد ازاں، سوشل ویلفیئر اور یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے نشہ مکّت ابھیان کے تحت ایک ہاکی ٹورنامنٹ کا بھی افتتاح کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے خود ہاکی کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ٹورنامنٹ کا آغاز سرکاری ٹاس کے ذریعے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے نوجوانوں کو کھیل کود اور صحت مند سرگرمیوں میں مشغول رہنے کی تلقین کی تاکہ وہ منشیات جیسی لعنت سے دور رہ سکیں۔اپنے خطاب میں، ڈپٹی کمشنر وکاس کندل نے منشیات کے مضر اثرات کو اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ کھیل اور مثبت سرگرمیاں نوجوانوں کے کردار سازی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو ترغیب دی کہ وہ اپنی توانائی مثبت کاموں میں لگائیں اور اپنی شخصیت کے ساتھ ساتھ معاشرے کی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔تقریب میں دیگر افسران بشمول ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر وکیل احمد بھٹ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہیڈکوارٹر، ڈسٹرکٹ یوتھ سروسز آفیسر اور مختلف محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ان تمام افسران نے منشیات کے جسمانی، ذہنی اور سماجی نقصانات پر روشنی ڈالی اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس لعنت سے دور رہیں اور صحت مند زندگی گزاریں۔اس مہم کو مقامی افراد اور تعلیمی اداروں کی بھرپور حمایت حاصل ہوئی، اور نوجوانوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں گے۔