محمد بشارت
کوٹرنکہ //گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول کیول، زون کوٹرنکہ میں خصوصی داخلہ مہم اور عالمی یومِ پانی کی تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر سماجی کارکن فاروق انقلابی مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔اپنے خطاب میں فاروق انقلابی نے اسکول کے اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا، جنہوں نے زیادہ سے زیادہ طلباء کے داخلے کو یقینی بنانے اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لئے محنت کی۔ انہوں نے والدین اور مقامی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ اسکول چھوڑنے والے بچوں کو دوبارہ تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دیں کیونکہ سرکاری اسکول ہر طبقے کے طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔فاروق انقلابی نے اسکول کی تعلیمی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے، اساتذہ اور طلباء کی سہولت کیلئے ایک مائیکروفون اور اسپیکر بطور تحفہ پیش کیا۔ اس موقع پر ہیڈ ماسٹر محمد رفیق ٹھکر اور اساتذہ عبدال غفور لون، محمد لطیف ٹھکر، سکینہ بیگم، زبیدہ بیگم، اور زرینہ بیگم نے بھی والدین اور مقامی افراد سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو قریبی سرکاری اسکولوں میں داخل کرائیں اور تعلیم کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔عالمی یومِ پانی کے موقع پر فاروق انقلابی نے پانی کی بچت اور اس کے مؤثر استعمال پر زور دیا۔ انہوں نے طلبہ اور کمیونٹی کو اس قیمتی وسیلے کی حفاظت کے حوالے سے آگاہ کیا اور ماحول کے تحفظ میں ان کے کردار کو اجاگر کیا۔تقریب کا اختتام تعلیمی بیداری اور پانی کی بچت کی اہمیت پر مبنی سرگرمیوں کے ساتھ ہوا، جس میں طلبہ اور اساتذہ نے بھرپور شرکت کی۔