جاوید اقبال
مینڈھر// سب ڈویژن مینڈھر کی تحصیل بالاکوٹ میں سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔سماجی و سیاسی کارکن ظہیر خان نے کہا کہ سرکار نے محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے ذریعے ایک سڑک تعمیر کروائی تھی تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں، مگر سڑک کی خستہ حالی کے سبب اب اس پر گاڑیوں کی آمد و رفت مشکل ہو گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سڑک پر بڑے بڑے گڑھے پڑ چکے ہیں، جس سے آمد و رفت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ متعلقہ محکمہ کے افسران کو کئی بار آگاہ کیا گیا، لیکن سڑک کی مرمت نہیں کی جا رہی، لوگوں کو روزمرہ زندگی میں پانی، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات کے فقدان کا سامنا ہے۔مقامی لوگوں نے متعلقہ حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ عام لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے جس کی وجہ سے صورتحال مزید ابتر ہوتی جارہی ہے ۔علاقہ کے عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرحدی علاقوں میں بسنے والے لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں، سڑک کی مرمت فوری طور پر کی جائے اورپانی اور بجلی جیسی ضروریات زندگی کی سہولیات فراہم کی جائیں۔عوام نے انتظامیہ سے جلد از جلد عملی اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔