عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری، ابھشیک شرما نے ضلع این سی او آر ڈی کمیٹی کا اہم اجلاس وی سی روم، ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد کیا، جس میں ضلع میں منشیات کے استعمال اور اسمگلنگ کے خلاف جاری کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران، ڈپٹی کمشنر نے اہم پہلوؤں کا جائزہ لیا، جن میں این ڈی پی ایس کیسز میں ضمانت اور بریت، تجارتی مقدار میں منشیات کی ضبطی اور اس طرح کے کیسز کو نمٹانے کے لئے معیاری آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر عمل درآمد شامل ہے۔ انہوں نے مؤثر طریقے سے منشیات کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے نفاذ، علاج اور آگاہی پر مبنی ایک کثیر جہتی حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔نفاذ کے ایک بڑے اقدام کے طور پر، تھنہ منڈی کی ایک فارمیسی کا لائسنس منسوخ کر دیا گیا، جبکہ ایک غیر مجاز دکان کی نشاندہی کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے اس غیر مجاز دکان پر ادویات کی خرید و فروخت کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔نگرانی کو مزید مضبوط کرتے ہوئے، ضلع بھر کی تمام 797 فارمیسی دکانوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں، جبکہ 735 دکانوں پر کمپیوٹرائزڈ بلنگ کا آغاز کیا گیا ہے، جس سے منشیات کی فروخت کی نگرانی اور شفافیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔اجلاس میں کہا گیا کہ ’’نشہ مکت ابھیان‘ کے تحت ایک جامع آگاہی مہم کے لئے تیاریوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا، جس میں ان افراد کی تربیت شامل ہو گی جو آگاہی مہم کو چلائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے ای ڈی سیز اور ایس ڈی ایمز کو ہدایت دی کہ وہ اپنے علاقوں میں مناسب تربیتی اور آگاہی پروگرامز کا انعقاد یقینی بنائیں تاکہ عوام کو منشیات کے منفی اثرات کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔