عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//پونچھ پولیس نے علاقے میں غیر قانونی کان کنی کی سرگرمیوں کے خلاف اپنی کارروائیوں کو مزید تیز کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن سرنکوٹ کی ٹیموں کی مدد سے چار گاڑیاں ضبط کر لیں۔ یہ اقدام غیر مجاز کان کنی کی روک تھام کے لئے اٹھایا گیا ہے۔ضلع پولیس نے اپنی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کان کنی کے ضوابط کی سخت پیروی کو یقینی بنایا جائے گا۔ پولیس کے مطابق، باقاعدہ معائنوں، اچانک چھاپوں اور غیر قانونی کان کنی کیلئے استعمال ہونے والے آلات کو ضبط کرنے کے اقدامات معمول بن چکے ہیں۔پولیس نے مزید کہا کہ جو بھی شخص یا ادارہ قانون کی خلاف ورزی کرے گا، اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔پونچھ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، شفقیت حسین نے اس اقدام پر بات کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی کان کنی نہ صرف ہمارے ماحول کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ معیشت کو بھی کمزور کرتی ہے۔