رمیش کیسر
نوشہرہ//نائب وزیر اعلی سریندر چودھری نے نوشہرہ میں جاری پروجیکٹوں کی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے مختلف ترقیاتی مقامات کا ایک جامع دورہ کیا۔ انہوں نے آشرم، ٹاؤن ہال، شاپنگ کمپلیکس اور ہسپتال کی عمارت کا دورہ کیا اور عوامی سہولیات کو بڑھانے کے کاموں کو بروقت مکمل کرنے پر زور دیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے دورے کے دوران تعمیرات کے معیار کا معائنہ کیا اور ایگزیکیوٹنگ ایجنسیوں کو ہدایت کی کہ وہ اعلیٰ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے کام کی رفتار کو تیز کریں۔ انہوں نے حکام اور مقامی لوگوں سے بات چیت کی اور علاقے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے بارے میں رائے لی۔ ہسپتال کی عمارت کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے اسے جدید صحت کے بنیادی ڈھانچے سے آراستہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ شاپنگ کمپلیکس میں انہوں نے مقامی کاروبار اور معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لئے منصوبے کو جلد مکمل کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ٹاؤن ہال کے کام کے بارے میں، انہوں نے کمیونٹی کی شمولیت کے لئے ایک متحرک عوامی جگہ بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے آشرم کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مکینوں اور زائرین دونوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے تعاون کا یقین دلایا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے عوام کی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں کو تیز کرنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی رکاوٹ کو دور کریں اور پروجیکٹوںکو مقررہ مدت میں مکمل کریں۔ ان کے ساتھ اے ڈی سی نوشہرہ بابو رام ٹنڈن، سابق انجینئر پی ڈبلیو ڈی شوکت علی، اے ای ای اور دیگر ضلعی اور علاقائی افسران بھی موجود تھے جنہوں نے جاری کاموں کی پیش رفت کے بارے میں اپ ڈیٹ فراہم کیا۔