رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ کے کسانوں نے یوریا کھاد کی کمی کے باعث شدید پریشانی کا سامنا کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ یوریا کھاد جلد از جلد نوشہرہ میں فراہم کی جائے۔ اس وقت گندم کی فصل کی بڑھوتری کے دوران کھاد کی شدید ضرورت ہے، مگر اس کے باوجود یوریا کھاد کی کمیابی نے کسانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔کسانوں کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں کے باعث فصلوں کی فصل کو دیر سے پانی ملا ہے اور اب جب فصلوں کو کھاد کی ضرورت ہے، تو یوریا کھاد کی عدم دستیابی نے ان کی پریشانیوں کو دوگنا کر دیا ہے۔ اس صورتحال کے باعث گندم کی فصل کو اچھی پیداوار حاصل کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، اور کسان طبقہ اس بات سے بے حد پریشان ہے کہ اگر کھاد کی فراہمی میں مزید تاخیر ہوئی تو فصل کی پیداوار پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔کسانوں کا کہنا ہے کہ یوریا کھاد کی کمی کی وجہ سے نہ صرف ان کی فصل متاثر ہو رہی ہے بلکہ ان کے لئے معاشی مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو کسانوں کو اپنے خاندانوں کے اخراجات پورے کرنے میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ ایک کسان نے کہاکہ ’ہم زمین پر محنت کر کے فصلوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں، لیکن جب کھاد کی کمی آ جاتی ہے تو ہماری محنت ضائع ہو جاتی ہے‘۔کسانوں نے حکومت سے یہ بھی درخواست کی ہے کہ وہ یوریا کھاد کی سپلائی کو ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے تاکہ کسانوں کو مزید نقصان کا سامنا نہ ہو اور ان کی فصلوں کی پیداوار کو بہتر بنایا جا سکے۔ کسانوں نے یہ بھی کہا کہ اس وقت فصلوں کو بہتر بنانے کیلئے کھاد کے ساتھ ساتھ دیگر زرعی ادویات کی ضرورت بھی ہے، جسے فوری طور پر دستیاب کرایا جانا چاہیے۔حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ یوریا کھاد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسان اپنی فصلوں کی دیکھ بھال میں کامیاب ہو سکیں اور اپنی معیشت کو سہارا دے سکیں۔