عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیر برائے ٹرانسپورٹ ستیش شرما نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر کے تمام غیر مربوط علاقوں اورلوگوں کو بغیر کسی رُکاوٹ کے پبلک ٹرانسپورٹ سروسز فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔وزیر موصوف ایوان میں رُکن اسمبلی ایڈووکیٹ وِجے کمار کی جانب سے اُٹھائے گئے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (جے کے آر ٹی سی) نئے بس بیڑے میں اضافہ کرنے کے عمل میں ہے اور جیسے ہی نئی بسیں شامل کی جائیں گی، ہیرانگر حلقے کے لئے مناسب تعداد میں بسوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔وزیر موصوف نے مزید کہا کہ کارپوریشن کے پاس موجود الیکٹرک بسیں صرف شہری علاقوں میں چلانے کے لئے مختص ہیں کیوں کہ یہ بسیں ایک بار مکمل چارج ہونے کے بعد صرف 80 سے 90 کلومیٹر تک کا سفر طے کر سکتی ہیں۔ اِس لئے انہیں طویل سفر کے لئے اِستعمال نہیں کیا جا سکتا۔اُنہوں نے ایوان کو مطلع کیا کہ اس وقت جے کے آر ٹی سی ضلع کٹھوعہ میں ہیرانگر حلقہ جموں ۔ ہیر انگر ۔ پٹھانکوٹ ، جموں ۔ پٹھانکوٹ ۔ اودھمپور اور جموں ۔ بنی ۔لووانگ بس خدمات چلا رہی ہے ۔