حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں لگاتار بارش کے دوران جھلاس چوک تاگوبی موڑ سڑک نے تالاب کی صورت اختیار کردی۔ گزشتہ کئی روز سے رک رک کے ہونے والی موسلادھار بارش نے مختلف گلیوں سڑکوں کو نالوں میں تبدیل کرکے رکھ دیا۔ اس دوران جھلاس چوک تا گوبی موڑ سڑک میں پانی بھر گیا اور سڑک تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ اس دوران وہاں موجود رہائشی مکانوں اور مویشی خانوں کے اندر پانی چلاگیا جس کی وجہ سے شہری زندگی مفلوج ہوگئی۔ اس دوران ٹریفک کو گزرنے میں تو دشواری ہوئی ہی لیکن وہاں پیدل چلنے والے لوگوں جن میں اسکولی بچے، خواتین اور بزرگ شامل ہیں سب کو کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اس موقع پر موجود شہریوں نے موجودہ حکومت پر الزام لگایا کہ الیکشن کے دوران ان سے وعدہ کیا گیا تھا کہ سڑک کی مرمتی کی جائے گی تاہم ابھی تک سڑک کی مرمت کا کام شروع نہیں کیا گیا ہے۔شہریوں نے ایم ایل اے پونچ اعجاز احمد جان سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سلسلہ میں کڑے اقدامات اٹھائیں اور سڑک کی مرمتی کو یقینی بنا کر لوگوں کو گونا گو مشکلات سے نجات دلائیں۔شہریوں نے کہا کہ انہوں نے بڑی امیدوں سے اپنے ووٹ دیکھ کر ان کو اقتدار میں لایا ہے اور امید ظاہر کرتے ہیں کہ وہ ان کی امیدوں پر کھرا اتر کر ان کے مسائل کو حل کریں گے۔