جاوید اقبال
مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کے بھاٹہ دھوڑیاں میں 144 اے نیشنل ہائی وے پر واقع ایک ٹنل میں ملبہ گرنے سے دو مزدور دب گئے تھے۔ حادثہ پیش آتے ہی وہاں کام کر رہے دیگر مزدوروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں ملبے کے نیچے سے نکالا اور سب ڈسٹرکٹ ہسپتال سرنکوٹ منتقل کیا۔ہسپتال میں ڈاکٹروں نے دونوں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی، تاہم ان کی تشویشناک حالت کے پیش نظر انہیں گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری ریفر کیا گیا، جہاں سے مزید بہتر علاج کے لئے میڈیکل کالج جموں منتقل کر دیا گیا۔بدقسمتی سے، زخمی مزدور محمد تعظیم علاج کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جبکہ دوسرا مزدور، وکرم سنگھ، میڈیکل کالج جموں میں زیر علاج ہے۔ایس ڈی ایم مینڈھر نے اس حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک مزدور کی جان چلی گئی ہے، جبکہ دوسرا شدید زخمی ہے اور اس کا علاج جاری ہے۔ حادثے کے بعد مزدوروں میں خوف و ہراس پھیل گیا، اور اہل علاقہ نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تعمیراتی کام کے دوران مزدوروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔