عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ضلع راجوری میں دیہی ترقیاتی محکمے کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنرڈاکٹر راج کمار تھاپا نے کی۔یہ اجلاس اے ڈی ڈی سی کے دفتر میں منعقد ہوا، جس میں اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ وجے کمار، ایگزیکٹیو انجینئر ظہیر خان اور ٹیکنیکل آفیسر نند کشور نے شرکت کی، جبکہ بلاک ڈیولپمنٹ آفیسرز (BDOs) ورچوئل موڈ کے ذریعے اجلاس میں شامل ہوئے۔اجلاس میں بلاک وائز تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے دوران یہ اطلاع دی گئی کہ 4,249 منظور شدہ ترقیاتی کاموں میں سے 2,227 مکمل ہو چکے ہیں۔ اے ڈی ڈی سی نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لئے کام کی رفتار کو مزید تیز کریں تاکہ مالی سال کے اختتام سے قبل تمام اہداف حاصل کیے جا سکیں۔ڈاکٹر تھاپا نے زیر التوا اور غیر شروع شدہ منصوبوں کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ ترقیاتی کاموں میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی کر کے جلد از جلد ان کا ازالہ کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام منصوبوں میں معیار کو برقرار رکھا جائے، تاکہ دیہی علاقوں میں پائیدار اور دیرپا انفراسٹرکچر فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ دیہی ترقی کے لیے پوری طرح پرعزم ہے، لہٰذا افسران کو اپنی ذمہ داریوں کو دیانت داری اور مستعدی سے ادا کرنا ہوگا تاکہ تمام منصوبے بروقت مکمل ہو سکیں اور عوام کو ان کا بھرپور فائدہ حاصل ہو۔