حسین محتشم
پونچھ//ممبر اسمبلی پونچھ اعجاز احمد جان نے قانون ساز اسمبلی میں ایک 17 سالہ لڑکا جس کا نام یاور رشید ولد محمد رشید ساکن منڈی پونچھ ہے کے لاپتہ ہونے کا سنگین مسئلہ اٹھایا جو کہ امتحان میں شرکت کے بعد جموں میں لاپتہ ہو گیا تھا۔ اعجاز جان نے معاملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور محکمہ داخلہ پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر ایکشن لیں اور لاپتہ لڑکے کا جلد از جلد سراغ لگانے کے لئے مکمل انکوائری کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طلباء اور شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہونی چاہیے اور اس کی فوری اور شفاف تحقیقات پر زور دیا۔ اعجاز جان نے انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ لڑکے کو تلاش کرنے اور اس کی محفوظ واپسی کو یقینی بنانے میں اپنا تعاون کریں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اس طرح کے واقعات سے خاندان والوں کو شدید تکلیف پہنچتی ہے اور انصاف اور احتساب کو یقینی بنانے کے لیے ان سے فوری نمٹا جانا چاہیے۔